نانگا پربت کیس میں مبینہ دو دہشت گرد گرفتار، پولیس


گلگت: سیکورٹی فورسز نے نانگا پربت پر غیر ملکی کوہ پیماؤں کے قتل سے جڑے دو مبینہ ہائی پروفائل دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ ان مشتبہ دہشت گردوں کو شمالی علاقے چیلاس سے گرفتار کیا گیا۔ ایک پولیس افسر نے ڈان کو بتایا دونوں کی علاقے میں موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے یہاں بڑے پیمانے پر سرچ آپرشن کیا۔ پولیس افسر نے دعوی کیا کہ دونوں گرفتار افراد کا تئیس جون کو ناننگا پربت میں فائرنگ سے دس ہلاکتوں کے ساتھ براہ راست تعلق ہے۔ ‘ایک گھر سے پکڑے جانے والے دونوں مشتبہ افراد گرفتاری کے وقت خواتین کے لباس میں چھپ کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے’۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کو ان دونوں کے ٹھکانے کا پتہ کچھ فون کالز کی نگرانی کے بعد ہوا۔ پولیس آفسر کا کہنا تھا کہ گھر گھر تلاشی تیس گھنٹے تک جاری رہی اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے لیے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے چیلاس کے علاقوں شاہین کوٹ، تاکیہ اور جیل پوائنٹ کی ناکہ بندی کے بعد کسی کو یہاں آنے جانے کی اجازت نہیں۔ دیامیر کے ایس ایس پی محمد نوید نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اور دوسری سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے علاقے میں آپریشن شروع کر دیا۔ نوید نے دونوں گرفتار افراد کی شناخت بتانے سے گریز کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تحقیقات ک دوران بریک تھرو کے امکانات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران پڑی تعداد میں اسلحہ بھی ضبط کیا گیا۔ ‘آپریشن کے دوران حراست میں لیے جانے والے دیگر پندرہ مشتبہ افراد کو پولیس نے کرمنل ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے چھوڑ دیا’۔ اس سے پہلے ایس ایس پی نے ایک پریس کانفرنس میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ علاقے میں مزید دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خدشہ کے پیش نظر علاقے کی سیکورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے جبکہ سیکورٹی فورسز کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ :شئیر کریں

Post Your Comments