بلوچستان: پاک – ایران سرحد سے پانچ لاشیں برآمد


کوئٹہ: بلوچستان میں پاک – ایران سرحد کے قریب سے پانچ لاشیں ملی ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق اتوار کو بلوچستان کے علاقے مند میں پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں قریب سے گولیاں ماری گئی تھیں۔ لاشوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر مند تحصیل دار کی سربراہی میں لیویز کی ٹیم علاقے میں لاشیں لینے کے لئے پہنچ گئی۔ لیویز ذرائع نے خیال ظاہر کیا ہے کہ یہ لاشیں غیر قانونی طور پر ایران جانے والی افراد کی ہوسکتی ہیں۔ خیال رہے کہ غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے افراد مند کے سرحدی علاقے سے ایران میں داخل ہوتے ہیں۔ دوسری جانب، خضدار کے قریب کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جمہوری وطن پارٹی کے رہنما داد علی بگٹی ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ پر خضدار کے قریب نامعلوم افراد نے ایک مسافر بس پر اچانک فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نیتجے میں بگٹی شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال خضدار پہنچایا گیا تاہم وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

Post Your Comments